بیجنگ(شِنہوا) چین نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں کو پورا اور ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن (سی ڈبلیو سی) کی پاسداری کرے۔ چین کی وزارتِ قومی دفاع کے ترجمان تان کیفی نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران اس سال خزاں تک اپنے کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کو تباہ کرنے کے امریکی دعوے کے حوالے سے کیا۔
ترجمان نے کہا کہ 26سال پہلے سی ڈبلیو سی کے نفاذ کے بعد سے دنیا کے 99 فیصد سے زیادہ کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کو ختم کر دیا گیا ہے۔ کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کا اعلان کرنے والے آٹھ میں سے سات ممالک نے اپنے کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی مکمل کر لی ہے۔ جیسا کہ کنونشن میں طے کیا گیا ہے، ذخیرہ شدہ کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی 1997 میں اس کے نفاذ کے 10 سال کے اندر مکمل کی جانی لازمی تھی۔ تان نے کہا کہ چین میں جاپان کے ترک کیے گئے کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کا عمل بہت پیچھے ہے اور ان کو تلف کرنے کا منصوبہ کئی بار التوا کا شکار ہو چکا ہے۔