لاس اینجلس (شِنہوا) اسپیس ایکس اور ایکزیم اسپیس نے عالمی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے لیے تیسرا نجی خلاباز مشن روانہ کردیا ہے جو ناسا کی خلا میں رسائی عام کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
ناسا کے مطابق اس مشن کو ایگزیم مشن 3 (اے ایکس-3) کا نام دیا گیا ہے جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے پہلا یورپی کمرشل خلاباز مشن ہے۔
ڈریگن خلائی جہاز نے فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی خلائی مرکز کے لانچ کمپلیکس 39 اے سے شام 4 بجکر 49 منٹ (مشرقی وقت) پراڑان بھری جس میں عملے کے 4 ارکان سوار تھے۔
روانگی کے بعد اسپیس ایکس نے اپنے فالکن 9 راکٹ کے مین انجن کٹ آف اور اسٹیج سپریشن کی تصدیق کی۔ راکٹ کا فرسٹ اسٹیج بوسٹر فلوریڈا کے کیپ کیناویرل اسپیس فورس اسٹیشن پر اسپیس ایکس کے لینڈنگ زون 1 میں اترگیا۔
عملے کے 4 ارکان میں امریکہ اور اسپین کے کمانڈر مائیکل لوپیز الیگریا ، اطالوی فضائیہ کے پائلٹ والٹر ولادی اور مشن کے دو ماہرین ترکیہ کے الپر گیزراوی اور یورپی خلائی ایجنسی کے خلا باز سویڈن کے مارکوس وینڈٹ شامل ہیں۔
ایکسیئم اسپیس کی براہ راست نشریات کے مطابق عملہ اب مدار میں ہے اور بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی سمت بڑھ رہا ہے۔
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے کے بعد اے ایکس-3 کے خلاباز مائیکرو گریوٹی ریسرچ، ٹیکنالوجی کے تجربات اور آؤٹ ریچ مصروفیات پر مشتمل ایک مکمل مشن کے لیے مدار میں قائم لیبارٹری میں 14 دن گزاریں گے۔