نیو یارک(شِنہوا)امریکہ کے شمال مشرقی حصے میں طوفان کے باعث 15 سو سے زائد اندرن و بیرون ملک پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق گرج چمک اور شدید بارش کی وجہ سے نیو یارک اور نیو جرسی کے بڑے ہوائی اڈوں پر پروازوں میں بڑے پیمانے پر خلل پڑا ہے اور کئی پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
فلائٹ ٹریکنگ سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق نیو جرسی کے نیوآرک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئیں جہاں اتوار کی شام تک 362 پروازیں منسوخ اور 337 تاخیر کا شکار ہوئیں۔
نیویارک میں جان ایف کینیڈی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 318 پروازیں منسوخ اور 426 تاخیر کا شکار ہوئی ہیں جبکہ شہر کے ایک اور ہوائی اڈے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 270 تک پہنچ گئی ہے۔