واشنگٹن (شِنہوا) امریکہ کی قومی سلامتی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ وہ دوسرے ممالک کو ہتھیاروں کی فروخت کے طے شدہ پروگرام کو تبدیل کرکے یوکرین کو جدید میزائل نظام کی ضرورت کو "دوبارہ ترجیح" دے گا۔
قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے میڈیا کو بتایا کہ یوکرین کو پیٹریاٹ اور ناسام جیسے میزائل دفاعی نظام کی فوری ضرورت ہے۔ امریکہ ان میزائلوں کی برآمدات میں ترجیحات کو تبدیل کرے گا اور پیداواری لائن سے نکلنے والے میزائل اب سب سے پہلے یوکرین کو مہیا کئے جائیں گے۔
کربی نے کہا کہ اس فیصلے سے میزائل حاصل کرنے کے منتظر ممالک کو مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جن ممالک نے ان میزائلوں کے آرڈر کئے انہیں اب بھی میزائل ملیں گے تاہم ترسیل میں مقررہ وقت سے زائد وقت لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کو اس سے آگاہ کردیا گیا ہے اور ان ممالک پر کسی بھی طرح کے منفی اثرات میں کمی کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔
اس فیصلے پر متاثرہ ممالک کے رد عمل سے متعلق سوال پر جان کربی نے کہا کہ وہ اس معاملے کو بڑے پیمانے پرہم آہنگی اور صورتحال کا ادراک کرنے کے طور پر دیکھتے ہیں۔