• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 10th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

امریکہ حقیقت پسندی سے کام کرے تو قیدیوں کا تبادلہ ممکن ہے:ایرانتازترین

March 13, 2023

تہران(شِنہوا)ایران نے کہا ہے کہ اگر امریکہ حقیقت پسندی سے کام کرے تو تہران اور واشنگٹن کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ممکن ہو جائے گا۔

سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے یہ بات امریکہ کی جانب سے دونوں فریقوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سے متعلق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان کا بیان مسترد کیے  جانے کے ردعمل میں پیر کو ہفتہ وار پریس کانفرنس میں  کہی۔

کنعانی نے کہا کہ ایران ایک انسانی مسئلہ کے طور پر امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاملے پر تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثوں کے ذریعے بات چیت جاری ہے۔

قیدیوں کے تبادلے جیسے بعض امور کے حوالے سے ہم پہلے ہی (امریکہ کے ساتھ) معاہدے پر پہنچ چکے ہیں۔ گزشتہ سال مارچ میں دونوں فریقوں نے ایک تحریری معاہدے کو حتمی شکل دی تھی جس پرامریکی فریق نے دستخط کیے تھے۔

 کنعانی نے کہا کہ معاہدے کے تحت امریکہ نے 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی اور تہران پر سے پابندیاں ہٹانے سے متعلق بات چیت کے نتائج سے قطع نظر قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا لیکن امریکیوں نے بعد میں اس معاملے کو جوہری مذاکرات سے جوڑ دیا۔

جوہری مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئےکنعانی نے کہا کہ تہران کا موقف ہے کہ امریکہ کی جانب سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کے سابقہ ریکارڈ کے پیش نظر کسی بھی نئے معاہدے کے لیے امریکہ کی سنجیدگی کو یقینی بنانے کے لیے واشنگٹن سے قابل تصدیق ضمانتیں حاصل کرنا ضروری ہے۔