نیویارک (شِںہوا) چائنہ انسٹی ٹیوٹ کے سالانہ بلیو کلاؤڈ گالا میں چین اور امریکہ کے درمیان بین الثقافتی تفہیم کو فروغ دینے پر 8 شخصیات کو اعزاز سے نواز گیا۔
ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں چینی نژاد امریکی ایمی ایوارڈ یافتہ ٹیلی ویژن میزبان یو سائی کان، سنگاپور کی کاروباری اور مخیر خاتون مشیل لیم، فارموسٹ گروپ کے بانی اور اعزازی چیئرمین ڈاکٹر جیمز ایس سی شاؤ اور شاؤ خاندان کے دیگر5 افراد شامل تھے۔ ان میں ایلین شاؤ امریکی وزیر محنت اور ٹرانسپورٹیشن کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔
تقریب میں نیویارک میں چینی قونصل جنرل ہوانگ پھنگ اور نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز سمیت 350 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر نے ویڈیو کے ذریعے مبارکباد کا پیغام دیا ۔
چائنہ انسٹی ٹیوٹ ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو امریکہ اور چین کے درمیان تفہیم بڑھانے اور اعتماد کو گہرا کرنے کا کام کرتی ہے۔ اس کا قیام 1926 میں عمل میں آیا تھا۔
بلیو کلاؤڈ ایوارڈ 1984 میں متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد چائنہ انسٹی ٹیوٹ کے مشن کو آگے بڑھانے والے نمایاں افراد کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔