کیف(شِنہوا) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بحیرہ اسود اناج معاہدے میں توسیع کا مطالبہ کیا، جس کی میعاد 18 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ انٹرفیکس-یوکرین نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کیف میں گوتریس کے ساتھ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے زیلنسکی نے عالمی غذائی تحفظ کے لیے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔ زیلنسکی نے کہا کہ 18 مارچ کے بعد بحیرہ اسود اناج معاہدے کو جاری رکھنا پوری دنیا کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر گوتریس نے کہا کہ اس اقدام کے تحت تقریباً 2کروڑ30لاکھ ٹن اناج برآمد کیا گیا، جس سے خوراک کی عالمی قیمتوں کو کم کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بحیرہ اسود اناج اقدام کو جاری رکھنے کی انتہائی اہمیت کوواضح کرنا چاہتے ہیں۔
گزشتہ سال 22 جولائی کو، روس اور یوکرین نے ترکی اور اقوام متحدہ کے ساتھ استنبول میں علیحدہ علیحدہ ایک دستاویز پر دستخط کیے تھے جس کے تحت یوکرین اور روس کو اناج اور کھاد برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تاکہ روس-یوکرین مسلح تنازعہ کے دوران عالمی منڈیوں میں سپلائی کو یقینی بنایا جا سکے۔