اقوام متحدہ(شِنہوا)ترکی کے جنوبی اورشام کے شمالی حصوں میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے تناظر میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسیوں نے اب بھی ملبے تلے دبے افراد سمیت ہزاروں متاثرین کی مدد کے لیے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بیان میں کہا کہ سانحہ کی اس گھڑی میں میرا دل ترکی اور شام کے لوگوں کے ساتھ ہے۔اقوام متحدہ امدادی کارروائیوں میں تعاون کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ ہماری ٹیمیں ضروریات کا جائزہ لے رہی ہیں اور امداد فراہم کر رہی ہیں۔7.8 شدت کا ابتدائی زلزلہ ترکی کے جنوب مشرقی اناطولیہ کے علاقے کے مغرب بعید میں صوبہ غازیان تیپ کے ایک بڑے شہر اور دارالحکومت غازیان تپ کے قریب آیا جس کے کئی گھنٹے بعد 7.5 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا۔
دوسرے زلزلے کے بعداقوام متحدہ کے انسانی امورکے دفتر(او سی ایچ اے) نے صورتحال کا جائزہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ متاثر ہونے والے دونوں ممالک میں2 ہزار کے قریب اموات کی اطلاعات ملی ہیں جہاں کم سے کم 78 آفٹر شاکس آئے۔ترک حکومت کی جانب سے بین الاقوامی امداد کی درخواست کرتے ہوئے سطح 4 کا الارم جاری کیا گیا ہے۔شام کے شمال مغربی حصے میں41 لاکھ افراد انسانی امداد پر انحصار کرتے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔سخت سردی کے موسم کے ساتھ ساتھ شامی کمیونٹیز میں ہیضے کی وبا جاری ہے۔2022 کی آخری سہ ماہی میں امدادی رقم کا فرق 48 فیصد تک پہنچ چکا ہیجس میں درکار 80 کروڑ ڈالر سے زائد رقم میں سے صرف 37کروڑ 10 لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یواین ڈی پی) کے منتطم اچیم سٹینر نے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے ایک حصے کے طور پریو این ڈی پی آنے والے دنوں، ہفتوں اور مہینوں میں متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے تیار ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریئس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ہنگامی طبی ٹیموں کو زخمیوں اور متاثرہ آبادیوں کی دیکھ بھال کرنے کا اختیار دیا ہے۔