• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 24th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

اقوام متحدہ نے منشیات کے سنگین مسئلے سے خبردار کردیاتازترین

June 26, 2024

ویانا (شِنہوا) اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں منشیات کے سنگین مسئلے پر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے  کیونکہ نئی مصنوعی نشہ آورمصنوعات اور دیگر منشیات کی ریکارڈ سپلائی اور طلب سے منشیات کے استعمال سے  امراض اور دیگر نقصانات میں اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات وجرائم (یو این اوڈی سی) کی جانب سے بدھ کو شائع ہونے والی ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2024 کے مطابق، 2022 میں دنیا بھر میں منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد29کروڑ20لاکھ تھی ،جو گزشتہ دہائی کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2022 میں دنیا بھر میں چرس سب سے زیادہ استعمال ہونے والا نشہ ہے جس کے عادی افراد کی تعداد22کروڑ80لاکھ تھی،اس کے بعد مصنوعی نشہ آور ادویات، ایمفیٹامائنز، کوکین اور ایکسٹیسی شامل ہیں،رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا بھرمیں تقریباً6کروڑ40لاکھ  افراد منشیات کے استعمال کے عوارض کا شکار ہیں۔ ان میں سے تقریباً 9 فیصد زیرعلاج ہیں۔

 رپورٹ میں کوکین کی طلب اور رسد میں ہونے والے انتہائی زیادہ اضافے سے خبردار کیا گیا ہے۔ 2022 میں دنیا بھر میں کوکین کی ریکارڈ توڑ2 ہزار757 ٹن پیداوار ہوئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے،جبکہ کوکا کے پودوں کی دنیا بھر میں کاشت کا رقبہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد اضافے سے 2022 میں3لاکھ 55ہزار ہیکٹر تک پہنچ گیا تھا۔