اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے ژانگ جون نے اپنے ملک کے خلاف نیٹو کے الزامات کو مسترد کر دیاہے۔ ژانگ نے کہا کہ سردجنگ بہت پہلے ختم ہو چکی لیکن سرد جنگ کی ذہنیت آج تک برقرار ہے۔ نیٹو، سرد جنگ کی پیداوار کے طور پر اس ذہنیت میں پھنس گیا ہے اور وہ خود کو اس سے نکال نہیں سکتا۔ انہوں نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ لیتھوانیا کے شہر ولنیئس میں نیٹو سربراہی اجلاس کا اعلامیہ سرد جنگ کی ذہنیت اور نظریاتی تعصبات سے بھرا ہوا تھا۔ اعلامیہ میں بنیادی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے چین کے خلاف " ناقابل تصور، غیر متعلقہ اور غیر ضروری"الزامات عائد کیے گئے۔ چین ان منافقانہ الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ چینی نمائندے نے کہا کہ درحقیقت، یہ خود نیٹو ہے جس کو اپنے مقاصد کو جاننے کے لیے سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ علاقائی تنظیم ہونے کے اپنے دعوے کے برعکس، نیٹو اپنے معاہدے کے ذریعے طے شدہ جغرافیائی دائرہ کار کی خلاف ورزی اور پوری دنیا میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشرق کی طرف ایشیا پیسیفک میں پیش قدمی کررہا ہے جس کے علاقائی بلکہ عالمی سلامتی پر مزید تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔