اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ممالک کی ذمہ داریوں کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف( آئی سی جے) سے رائے طلب کی ہے۔ وانواتو کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا، جس میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلقہ ممالک کی ذمہ داریوں پر عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کی غیرپابند مشاورتی رائے کے لیے درخواست کی گئی ہے۔ قرارداد میں آئی سی جے سے اس بات کو واضح کرنے کا پوچھا گیا ہے کہ بین الاقوامی قانون کے تحت انسانی سرگرمیوں سے ماحولیاتی نظام اور ماحول کے دیگر حصوں کو گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج سے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے ممالک کی کیا ذمہ داریاں ہیں۔ قرارداد میں اس بات پرشدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کا 2020 تک "بامعنی تخفیف کے اقدامات اور عمل درآمد میں شفافیت کے تناظر میں مشترکہ طور پر 100 ارب ڈالر جمع کرنے کا ہدف" تاحال پورا نہیں ہوا اس میں ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس ہدف کو پورا کریں۔