اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عدم تشدد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں امن اور باہمی احترام پر زور دیا ہے ۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ عدم تشدد کا عالمی دن نہ صرف مہاتما گاندھی کا یوم پیدائش ہے بلکہ ان اقدار کےدن کےطور پر بھی منایا جاتا ہے جس کو انہوں نے مجسم صورت دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں تک اس کی گونج سنائی دیتی رہی جس میں امن، باہمی احترام اور ہر فرد کے لیے لازمی وقار شامل ہے ۔
گوتریس نے کہا کہ یہ دنیا اب ان اقدار کے مطابق بسر نہیں ہورہی ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم بڑھتے ہوئے تنازعات اور موسمیاتی ابتری، غربت، بھوک اور بڑھتی ہوئی عدم مساوات، تعصب، نسل پرستی اور بڑھتے ہوئے نفرت انگیز اظہارخیال کا مشاہدہ کررہے ہیں۔
اخلاقی طور پر دیوالیہ پن کا شکار عالمی مالیاتی نظام بھی اس کا حصہ ہے ،جو کہ ترقی پذیر ملکوں کے لیے غربت سے بچاؤاور بحالی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
گوتریس نے کہا کہ گاندھی کی ان اقدارکو اپناتے ہوئے اور ثقافتوں اورسرحدوں سے ماورا ہوکر دنیا کے سب لوگوں کے لئے زیادہ بہتر اورپرامن مستقبل کی تعمیرممکن ہوسکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس میں لوگوں کی صحت، تعلیم، باعزت روزگار اور سماجی تحفظ میں سرمایہ کاری شامل ہے، جس کے ذریعے لوگوں کو گرنے سے بچایا جا سکتا ہے ،اور ضرورت پڑنے پر ان کی مدد کی جاسکتی ہے ،اور تمام ملکوں کے لیے سرمایہ کاری تک رسائی اور قرض سے نجات کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری پربھی زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ملکوں کی مددکریں تاکہ وہ مضبوط بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کرتے ہوئے آبادیوں کو موسمیاتی تغیر کے اثرات سےمحفوظ رکھ سکیں،اور تمام لوگوں کے حقوق اور وقار کو محفوظ اور برقراررکھا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ سب کی شمولیت کے لیے ٹھوس اقدامات ہونے چا ہئیں تاکہ ثقافتوں کی کثرت ، کثیر المذہبی اور کثیر النسلی معاشرے خطرہ کی بجا ئے صحت مندی کی علا مت ہوں ۔