اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں کی گزشتہ ماہ کے زلزلوں کے بعد ترکیہ اور شام کو امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی امور کے بارے میں رابطہ دفتر(او سی ایچ اے) کے مطابق اب تک اقوام متحدہ کی ایجنسیاں اور انسانی ہمدردی کے شراکت دار تقریباً 5 لاکھ35 ہزار لوگوں تک پناہ گاہیں پہنچا چکےہیں۔ او سی ایچ اے نے کہا کہ تقریباً 14 لاکھ لوگوں کو پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کی امدد مہیا کی گئی ہے اور تقریباً47 ہزار افراد کو صحت کی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کا تخمینہ ہے کہ ترکیہ میں آنے والے زلزلوں سے 30 لاکھ افراد بے گھر ہوئے۔ تقریباً 17 لاکھ لوگ عارضی پناہ گاہوں میں رہ رہے ہیں جن میں سے کچھ پانی اور صفائی کی مناسب خدمات سے محروم ہیں۔
او سی ایچ اے نے کہا کہ 345 سے زیادہ تنظیمیں روزانہ تقریباً 12 لاکھ 50 ہزار لوگوں کو گرم کھانا تقسیم کررہی ہیں۔
رابطہ دفتر نے کہاکہ ترکیہ میں زلزلے سے متاثر ہونے والے 50 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی مدد کے لیے فوری طور پر مزید فنڈنگ کی ضرورت ہے جبکہ فلیش اپیل پر تقریباً 20 فیصد فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔
شام میں او سی ایچ اے اور اس کے انسانی ہمدردی کے شراکت دارادارے ملک بھر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں اپنی امدادی سرگرمیاں بڑھا رہے ہیں۔رابطہ دفتر کا کہنا ہے کہ اب تک اقوام متحدہ کی سات ایجنسیوں سے انسانی امداد لے جانے والے 1 ہزار35 ٹرک ترکیہ سے شام کے شمال مغربی علاقوں میں تین دستیاب سرحدی گزرگاہوں سے گزر چکے ہیں۔