• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 25th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی معاہدے کیلئے قرارداد منظورکر لیتازترین

June 11, 2024

اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل  نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کیلئے تین مرحلوں میں جامع جنگ بندی معاہدے کیلئے  قرار داد منظور کرلی۔

قرار داد کے مطابق پہلے مرحلے میں فوری اور مکمل  جنگ بندی،  خواتین ، معمر افراد سمیت یرغمالیوں کی رہائی، مارے گئے یرغمالیوں  کی نعشوں کی واپسی اورفلسطینی قیدیوں کا تبادلہ شامل ہے۔ قرارداد میں غزہ کے گنجان آباد علاقوں سے اسرئیلی فوج کے انخلا، فلسطینیوں کی شمال سمیت تمام ملحقہ علاقوں سے اپنے گھروں کو واپسی اور  بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی موثر اور محفوظ فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دوسرے مرحلے میں غزہ میں تاحال موجود تمام یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے اسرائیلی جارحیت کے مکمل خاتمے اور غزہ سے اسرائیل کی فوج کے مکمل انخلا کا کہا گیا ہے۔

تیسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو  کیلئے کئی سالوں پر محیط بڑا منصوبہ شروع کرنے اور غزہ میں تاحال موجود کسی بھی یرغمالی کی باقیات اسرائیل کو واپس کرنے کا کہا گیا ہے۔

اسرائیل کے تل ابیب میں غزہ میں فوری جنگ بندی اور حماس کے زیر حراست باقی ماندہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے احتجاجی  مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔(شِنہوا)

کونسل نے تجویز دی ہے کہ اگر پہلے مرحلے میں مذاکرات چھ ہفتوں سے زیادہ جاری رہتے ہیں تو جب تک بات چیت جاری رہتی ہے اس وقت تک جنگ بندی برقرار رہنی چاہیے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے اس معاہدے کو قبول کر لیا ہے حماس سے بھی  کہا گیا ہے کہ وہ اس کی حمایت کرے۔قرار داد میں کہا گیا ہے سلامتی کونسل محصور علاقے کی  زمینی حدود کو کم کرنے والی تمام کارروائیوں سمیت غزہ  کی جغرافیائی یا علاقائی تبدیلی کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتی ہے۔ قرارداد میں دوریاستی حل کے وژن کے لیے  سلامتی کونسل کےغیر متزلزل عزم  کا بھی اعادہ کیا گیا جہاں دو جمہوری ریاستیں اسرائیل اور فلسطین  بین الاقوامی قانون اور  اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق محفوظ اور تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر امن کے ساتھ شانہ بشانہ رہیں۔

اس سلسلے میں غزہ کی پٹی کو فلسطینی اتھارٹی کےما تحت مغربی کنارے کے ساتھ ملانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔