اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نےصوبہ خیبرپختونخواہ میں اتوار کو ایک سیاسی اجلاس میں ہونے والے گھناؤنے اور بزدلانہ خودکش دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اس حملے میں درجنوں افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ داعش نے پیر کو اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے ایک بیان میں اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ اور بلاجواز ہے چاہے اس کا محرک کچھ بھی ہو۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کی کہ ہر قسم کی دہشت گردی بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔
کونسل کے اراکین نے دہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونت کرنے والوں اور سپانسرز کا احتساب کرنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پریس بیان کے مطابق انہوں نے تمام ملکوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور دیگر تمام متعلقہ حکام کے ساتھ اس سلسلے میں مربوط تعاون کریں۔