اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کی جانب سے ترکیہ اور شام میں رواں سال فروری میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے 100 دن بعد بھی فوری انسانی ضرورتوں سے متعلق امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کے انسانی ہمدردی کے شراکت داروں نے شام بھر میں20 لاکھ سے زیادہ گرم کھانا فراہم کیا ہے اور لاکھوں لوگوں کو کھانے کے لیے تیارراشن اور خوراک اور نقد امداد بھی فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے روزمرہ کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ ہم نے استقبالیہ مراکز اور اندرونی طور پر بے گھر لوگوں کی میزبانی کرنے والے مقامات میں پینے کے صاف پانی اور حفظان صحت اور صفائی کی خدمات تک رسائی کو یقینی بنایا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ زلزلوں کے بعد سے اقوام متحدہ کی امداد لے جانے والے 2 ہزار 200 سے زیادہ ٹرک جنوبی ترکیہ سے شمال مغربی شام میں منتقل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ تقریباً روزانہ کی بنیاد پر تین دستیاب سرحدی راہداریوں کے ذریعے سامان بھیج رہا ہے اور 14 فروری سے شمال مغرب میں تقریباً 100 بین ایجنسی سرحد پار مشن مکمل کیے جا چکے ہیں۔