اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لیبیا کے باشندوں کی فوری ضروریات کو پوراکرنےکےلیے7 کروڑ14لاکھ امریکی ڈالرمالیت کی ایک فلیش اپیل جاری کی۔
اقوام متحدہ کےانسانی امور کے رابطہ دفتر(اوسی ایچ اے)نےکہاکہ یہ فنڈز8 لاکھ84 ہزارافراد میں سے 2 لاکھ 50 ہزارلوگوں کےلیےہیں جنہیں اگلے تین ماہ کے دوران امداد کی ضرورت ہے تاہم اضافی معلومات دستیاب ہونےکے بعد فلیش اپیل کو اپ ڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔
او سی ایچ اے نے بتایا کہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والےعلاقوں میں ڈیرنا، البیدہ، سوسہ، المرج، شہات، تکنیس، بطح، تولمیتا، برسیس، توکرہ اورالابیارشامل ہیں جبکہ بے گھرمتاثرین سکولوں اور ہوٹلوں میں پناہ لیےہوئےہیں۔
اوسی ایچ اےنےاطلاع دی ہےکہ پورے سرسبز پہاڑی علاقے کو طبی خدمات فراہم کرنے والاالبیدہ کاہسپتال سیلاب میں بہہ گیا جس کی وجہ سے انتہائی نگہداشت یونٹ کے مریضوں کو نجی ہسپتالوں اور کلینکوں میں منتقل کرنا پڑا جبکہ دیگر مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا۔
اقوام متحدہ کے انڈر سکریٹری جنرل برائے انسانی امور مارٹن گریفتھس نے کہا کہ سیلاب کی تباہی کا پیمانہ چونکا دینے والا ہے جس سے پورے محلے نقشے سے مٹ گئے اور پورے خاندان حیرت انگیز طور پرسیلاب میں بہہ گئے۔