اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے انسانی امور کے انڈر سیکرٹری جنرل اور ہنگامی امداد کے کوآرڈینیٹرمارٹن گریفتھس نے کہا ہے کہ سوڈان میں جاری تنازعہ کے فریقین کو انسانی امداد کو محفوظ رسائی کی ضمانت دینی چاہیے کیونکہ عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ہفتے کے روز ایک بیان میں اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر نے خبردار کیا کہ سوڈان جو پہلے ہی انسانی بنیادوں پر کارروائیوں کے لیے دنیا کے سب سے مشکل مقامات میں سے ایک ہے اس سے بدتر ہو جائے گا کیونکہ تنازعہ اب چوتھے مہینے میں داخل ہو رہا ہے اور مقامی تنظیموں اور بین الاقوامی امدادی گروپوں کی ٹھوس کوششوں کے باوجود جنگ شدت اختیار کررہی ہے۔
گریفتھس نے اس بات پر زور دیا کہ سوڈانی عوام کے مصائب کا خاتمہ لڑائی ختم ہونے پر ہی ہو گا۔ تنازعہ میں شامل فریقوں کو جدہ میں دستخط کیے گئے وعدوں پر مبنی اعلامیے پر عمل کرنا چاہیےجو شہریوں کی حفاظت اور بین الاقوامی انسانی قانون کو برقرار رکھنے پر زور دیتا ہے۔
گریفتھس نے خبردار کیا کہ تنازعہ نے سوڈان اوراس سے باہر 30 لاکھ سے زیادہ افراد کو بے گھر کر دیا ہے جن میں سے نصف بچے ہیں جبکہ سوڈان میں باقی 1 کروڑ36 لاکھ بچوں کو فوری طور پر انسانی امداد کی ضرورت ہے۔