• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 17th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

اقوام متحدہ کا بنیادی مقصد قیام امن ہے، امن کے ذریعے ہی دنیا کو مشترکہ طور پر جوڑاسکتا ہے:سربراہ اقوام متحدہتازترین

February 08, 2024

اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ بڑھتے تنازعات، بڑھتی تقسیم اور بڑھتا انتشار عالمی سطح پر امن کے قیام میں رکاوٹ ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی بنیاد امن کے حصول پر رکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن ہماری ذمہ داری ہے تاہم آج جب میں دنیا کے منظر نامے کا جائزہ لیتا ہوں تو امن سب سے زیادہ ڈرامائی انداز میں غائب نظر آتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں تنازع سے لیکر ماحولیات کے خلاف جنگ ، انتہائی نقصان دہ غلط معلومات اور نفرت انگیز تقاریر کا مقابلہ کرنے سے لیکر پائیدار اور جامع طرز عمل کے فروغ تک امن وہ دھاگہ ہے جو دنیا کو مشترکہ طور پر جوڑسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن ہی ان باہمی طور پر جڑے بحرانوں سے نکلنے کی راہ ہے۔ انہوں نے مشترکہ اہداف کے حصول میں آگے بڑھنے کی راہ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی  اشد ضرورت ہے جو عملی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے اور یہی  مشکل وقت کے باوجود امید کی کرن ہے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی بحرانوں کا بنیادی شکار عام شہری ہیں جنہیں ساحل خطے میں بڑھتی دہشت گردی، غزہ، سوڈان اور یوکرین تنازعات، مشرقی جمہوریہ کانگو میں مسلح دھڑوں کی موجودگی اور ہیٹی میں گروہوں کے سبب ہونے والی تباہی کے اثرات کا سامنا ہے۔

انہوں نے امن کے لیے عالمی کوششوں پر زور دیتے ہوئے خاص طور پر غزہ کے بحران  کا ذکر کیا اور اسے اقام عالم کے اجتماعی ضمیر پر ایک تلخ زخم  قرار دیا۔

انہوں نے دو ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسرائیلی شہریوں پر حماس اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے 7 اکتوبر کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔