موغادیشو (شِنہوا)اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے صومالیہ کے اپنے دو روزہ دورے کے اختتام پر عطیہ دہندگان پر زور دیا ہے کہ وہ صومالیہ میں بحران کو روکنے کے لیے انسانی امداد میں اضافہ کریں جہاں قحط کا خطرہ اب بھی منڈلا رہا ہے۔
گوتریس جو منگل کو اچانک دورے پر صومالیہ پہنچے تھے، نے ملک میں جاری خشک سالی کی وجہ سے تباہی سے بچنے کے لیے فوری طور پر کام کرنے کی فوری ضرورت پرزور دیا۔ انہوں نے اپنے دورے کے اختتام پر صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں صحافیوں کو بتایا کہ اب سے لےکر جون کے درمیان65 لاکھ صومالی باشندوں کو خوراک کے شدید عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس لیے قحط کا خطرہ اب بھی منڈلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہےاور موسمیاتی تبدیلی صومالیہ میں افراتفری کا باعث بن رہی ہے جہاں مسلسل پانچ بارشوں کی قلت کے سیزن کا سامنا رہا ہے۔
گوتریس نے کہا کہ یہ صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ ایک تباہ کن خشک سالی کے نتیجے میں پہلے ہی 43 ہزارافراد لقمہ اجل بن چکے ہیں - صرف 2022 میں14 لاکھ صومالی بے گھر ہوئے ہیں جن میں 80 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتیں بھوک اور غذائیت کی کمی کو بڑھا رہی ہیں اور خشک سالی نے غریب اور کمزور طبقوں کو فاقہ کشی کے دہانے پر دھکیل دیا ہے۔
گوتریس نے کہا کہ تقریباً 83 لاکھ صومالیوں کے لیے فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے اور ہمیں تباہی کو روکنے کے لیے ابھی کارروائی کرنی چاہیے۔گوتریس نے صومالیہ کے جنوب مغرب میں واقع بیدوا کا دورہ کیا اور ان خاندانوں سے بات کی جنہوں نے خشک سالی اور عدم تحفظ کی وجہ سے اپنی روزی روٹی کھو دی ہے۔
انہوں نے عطیہ دہندگان سے اپیل کی کہ وہ ضرورت کے وقت صومالیوں کے ساتھ کھڑے ہوں کیونکہ 82 لاکھ 50 ہزار لوگوں کو مسلسل پانچ سال کے خراب برساتی موسم اور طویل تنازعات سمیت موسمیاتی منفی اثرات کی وجہ سے جان بچانے والی انسانی اور حفاظتی امداد کی ضرورت ہے۔
گوتریس نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ صومالیہ کو الشباب کو شکست دینے، لچک پیدا کرنے اور آزاد کرائے گئے علاقوں کو مستحکم کرنے اور انتہائی ضروری انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے درکار وسائل کے ساتھ مدد کرے۔
اقوام متحدہ کے 2023 کے ہیومینٹیرین ریسپانس پلان جس میں 2 ارب 60 کروڑ ڈالر کی ضرورت ہے، اب تک صرف 15 فیصد فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔