اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے اسرئیل کی طرف سے یرغمالیوں کی بازیابی کے آپریشن میں فلسطینی شہریوں کے بھاری جانی نقصان کی شدید مذمت کی ہے۔
ان کے ترجمان سٹیفن ڈو جارک نے پریس بریفنگ میں کہا کہ سیکرٹری جنرل نے اس آپریشن کے دورن سینکڑوں فلسطینیوں کی ہلاکتوں اور ان کے زخمی ہونے پر شدید افسوس اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ہلاکت المیہ ہے۔ ہم پھر تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ عام لوگوں کا تحفظ یقینی بنائیں جن کو اس تنازعے میں سب سے زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے جن میں بالخصوص خواتین اور بچے شامل ہیں۔ ہر کسی کی عالمی قوانین کے تحت ذمہ داریاں ہیں۔ انہیں ان ذمہ داریوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ انسانی امدادی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔عالمی ادارہ فوری جنگ بندی، ایندھن کی فراہمی، بلاتعطل انسانی امداد کے آپریشن اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے اپنا مطالبہ جاری رکھے گا۔