اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں سلامتی کی تازہ ترین پیش رفت اور جاری کشیدگی سمیت مزید جانی نقصان کے خطرے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
گوتریس کے نائب ترجمان فرحان حق نے ایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل بچوں اور خواتین سمیت شہریوں کے جانی نقصان کی مذمت کرتے ہیں جسے وہ ناقابل قبول سمجھتے ہیں اور اسے فوری طور پر روکنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرنی چاہیے اور طاقت کا متناسب استعمال اور فوجی کارروائیوں کے دوران عام شہریوں اور شہری اشیاء کو بچانے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے غزہ سے اسرائیل پر اندھا دھند راکٹ داغنے کی بھی مذمت کی جو کہ بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے اور فلسطینی اور اسرائیلی شہریوں دونوں کو خطرے میں ڈالتا ہے۔
فرحان حق نے کہاکہ سیکرٹری جنرل تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور دشمنی کو فوری طور پر روکنے کے لیے کام کریں۔