اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ کے تہذیبوں کے اتحاد (یو این اے او سی) نےجنرل اسمبلی کی طرف سے 10 جون کوتہذیبوں کے درمیان مکالمے کاعالمی دن قراردینے کے لیے منظور کی گئی چین کی مجوزہ قرارداد کا خیرمقدم کیاہے۔اقوام متحدہ کے انڈرسیکرٹری جنرل اوریو این اے او سی کے اعلیٰ نمائندے میگوئل موراتینوس نے ایک بیان میں جنرل اسمبلی کی قرارداد ’’ تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے لیے بین الاقوامی دن ‘‘ کی منظوری کا خیرمقدم کیاہے۔ موراتینوس نے تہذیبوں، ثقافتوں،مذاہب اور عقائد کے درمیان زیادہ سے زیادہ افہام و تفہیم اوراحترام کو فروغ دینے میں یو این اے او سی کے قابل قدر کردارکوسراہنے اوراسے ریاستی اور غیر ریاستی عناصربشمول سول سوسائٹی کی تنظیموں،مذہبی رہنماؤں، نوجوانوں، میڈیا، فنکاروں اور کھلاڑیوں کے درمیان مکالمے کا ایک عالمی پلیٹ فارم خیال کرنے پرچین اور تمام رکن ممالک، اور قرارداد کے شریک حامیوں کا شکریہ ادا کیا۔