بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے چین کے اخبار اکنامک ڈیلی کو کہا ہے کہ وہ اقتصادی رپورٹنگ کے فلسفے اور طریقوں میں جدت لائے اور نئے دور میں چین کی اقتصادی ترقی کی کہانیوں کو بہتر انداز میں پیش کرے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین،صدر شی نے ان خیالات کا اظہار اخبار کے اجراء کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد کے اپنے خط میں کیا۔
اخبار کے تمام عملے کے ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے، صدر شی نے کہا کہ سی پی سی اور حکومت کے مرکزی کاموں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، اخبار نے گزشتہ 40 سال کے دوران پارٹی کے نئے نظریات کی ترویج، اقتصادی پالیسیوں کی تشریح اور اقتصادی کامیابیوں کی رپورٹنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
صدر شی نے امید ظاہر کی کہ اکنامک ڈیلی 20ویں سی پی سی نیشنل کانگریس کے رہنما اصولوں کا مطالعہ کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد اور درست سیاسی رجحان کو برقرار رکھے گا اور میڈیا کے تمام ذرائع میں مواصلات کے نظام کے قیام کو تیز کرے گا تاکہ ملکی معیشت کی اعلیٰ معیار کی ترقی اور نئے دور میں اس کی اقتصادی ترقی کی کہانیوں کو بہتر انداز میں پیش کرتے ہوئے اس کے فروغ میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کیا جا سکے۔صدر شی کا خط سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ لی شولئی نے گزشتہ روز بیجنگ میں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی تقریب میں پڑھ کر سنایا۔