تہران (شِںہوا) ایران کے ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب نے اپنے ایک جنگی بحری جہاز سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاسداران انقلاب کے چیف کمانڈرحسین سلامی نے یہ بات ٹیلی ویژن پر نشر ایک انٹرویو میں ایرانی بحریہ کی نئی کامیابیوں پر بات چیت میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ بیلسٹک میزائل کا تجربہ پاسداران انقلاب کے ایرو اسپیس ڈویژن اور بحریہ کے درمیان مشترکہ تعاون کا ایک حصہ ہے۔
سلامی نے کہا کہ اس نئی کامیابی نے ہمارے بحری اثرو رسوخ اور طاقت کے دائرہ کار کو ہمارے خواہشات کےمطابق بڑھادیا ہے جس کی بدولت ہمارے جنگی بحری جہازکے کسی بھی حصے میں موجود ہوسکیں گے جن سے ہم آزادانہ طور پر میزائل داغ سکیں گے اور کسی بھی قوت کو ہمیں عدم تحفظ کا شکار کرنے کا موقع نہیں مل سکے گا۔
چیف کمانڈر نے کہا کہ بڑی تعداد میں ڈرونز، کروز میزائل اور سمندر میں جنگی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل کی مدد سے پاسداران انقلاب کی بحری دفاعی اور جارحانہ طاقت "وقت سے ہم آہنگ ، ترقی یافتہ اور جدید صلاحیتوں کا باہم مربوط امتزاج" پیش کرتی ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ پاسداران انقلاب اور ایرانی مسلح افواج کسی بھی سازش اور جارحانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دیں گی۔