• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

ایرانی جامعہ کتب خانے میں چینی پویلین کی تعمیر کا منصوبہتازترین

May 25, 2023

تہران (شِںہوا) ایران میں چینی سفارت خانے اور جامعہ علامہ طباطبائی نے جامعہ کے کتب خانے میں چینی پویلین کی تعمیر پر اتفاق کیا ہے۔

فریقین کے درمیان دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت کے تحت جامعہ علامہ طباطبائی کے مرکزی کتب خانے میں تقریباً 400 مربع میٹر پر محیط چینی پویلین تعمیر کیا جائے گا جس میں چینی کتب اور ثقافتی مصنوعات رکھی جائیں گی۔

تقریب سے خطاب میں ایران میں چین کے سفیر چھانگ ہوا نے کہا کہ چین اور ایران کے عوام کے درمیان طویل عرصے سے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نصف صدی قبل قائم ہونے چین اور ایران کے سفارتی تعلقات ، بین الاقوامی حالات کے اتار چڑھاؤ کے امتحان پر پورا اترے اور وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام میں دوستی مضبوط ہوئی ۔

چینی سفیر نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں چین ۔ ایران تعاون نے تمام شعبوں میں مسلسل ترقی کی ہے اور دونوں ممالک کے ثقافتی و سماجی تبادلوں نے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

چھانگ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ چین ۔ ایران دوستی کا مستقبل دونوں ممالک کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلبا چین۔ ایران دوستی کے سفیر بنیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار نبھائیں گے۔

جامعہ علامہ طباطبائی کے صدر نے شِنہوا کو بتایا کہ چینی پویلین یقینی طور پر محققین، چینی ثقافت کے دلدادہ اور چینی زبان سیکھنے والوں کو جامعہ میں مزید چینی وسائل تک رسائی حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران چین کی جامعات میں فارسی زبان پڑھنے والے طالب علموں کو ایرانی کتابوں تک رسائی دینے کو بھی تیار ہے۔

علامہ طباطبائی ایران کی سرکاری جامعہ ہے جو ہیومینٹیز اور سماجی سائنس کے شعبوں میں مہارت رکھتی ہے ۔اس میں 2019 میں چینی تحقیق کا مرکز قائم کیا گیا تھا۔