تہران(شِنہوا)ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ نے ملک کے جنوبی سمندر سے ایک غیر ملکی آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا جس میں 1 کروڑ 10 لاکھ لیٹر سے زیادہ اسمگل شدہ ایندھن بھرا ہوا تھا۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے پیر کے روز صوبہ ہرمزگان کے چیف جج مجتبیٰ قاہرمانی کے حوالے سے بتایا کہ جہاز پر لدے اسمگل شدہ ایندھن کی مالیت 68 لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالر ہے۔
مجتبیٰ قاہرمانی نے کہا کہ ٹینکر کے کپتان اور عملے کے ارکان کو حراست میں لے لیا گیا ہے، مزید بتایا کہ جہازوں نے اسمگل شدہ ایندھن کو ٹینکر پر لوڈ کرنے میں مدد کرنیوالے افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ایران میں ایندھن کی قیمتوں پر حکومتی سبسڈی کے باعث ملک سے ایندھن کی اسمگلنگ ایک منافع بخش غیر قانونی کاروبار ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ایران کی بحری افواج نے بحری جہازوں پر لدے اسمگل شدہ ایندھن کی بھاری مقدار قبضے میں لی ہے۔