تہران(شِنہوا)ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں ہونیوالی پیشرفت کو سراہا ہے۔
انہوں نے یہ بات ایران کے دارالحکومت تہران میں تیسری ایران عرب ڈائیلاگ کانفرنس میں کہی، جس میں ایرانی حکام، غیر ملکی سفیروں اور دیگر ریاستوں کے مہمانوں نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی ممالک کے درمیان افہام و تفہیم اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کو معمول پر لانا اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ ایران اپنے پڑوسیوں کے ساتھ ساتھ مسلم اور عرب ریاستوں سے تعلقات بڑھانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں پیش رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہم نے دوطرفہ تعاون کی کثیر الجہتی ترقی کے شعبے میں اچھی کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کومزید فروغ دینے کے بے شمار مواقعے موجود ہیں۔
ایران کے متحدہ عرب امارات، قطر، عمان اور کویت کے ساتھ تعاون کے نئے مرحلے کا آغاز کا ذکر کرتے ہوئے امیر عبداللہیان نے کہا کہ تہران اور بحرین بھی دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کی طرف پیشرفت کر رہے ہیں۔