تہران (شِنہوا) ایران مارچ 2024 تک 6 سیٹلائٹس خلاء میں بھیجنے کی تیاری کررہا ہے۔
ایران کے نائب وزیر دفاع اور وزارت دفاع کے ایران الیکٹرونکس انڈسٹریز (آئی ای آئی) کے سی ای او امیر رستیگری نے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران سیٹلائٹس لانچ کرنے کی تیاریاں کررہا ہے۔
اور یہ کہ توقع ہے کہ ایران الیکٹرونکس انڈسٹریز مارچ 2024 تک زمین کے نچلے مدار میں دو کیوب سیٹس اور زمین کا مشاہدہ کرنے والا سیٹلائٹ طلوع-3 لانچ کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
رستیگری نے کہاکہ طلوع 3 ایران کا چھوٹا سیٹلائٹ ہے جس کا وزن 150 کلوگرام ہے ۔ یہ 5 میٹر ریزولوشن سے بلیک اینڈ وائٹ اور 10 میٹر ریزولوشن سے رنگین تصاویر لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران الیکٹرونکس انڈسٹریز نے ایرانی خلائی ادارے اور روس سے اچھا تعاون کیا ہے۔ ایران الیکٹرونکس انڈسٹریز، ایرانی وزارت دفاع کے ایرو اسپیس انڈسٹریز آرگنائزیشن اور روس کے ساتھ ایرانی سیٹلائٹس کو جلد خلاء میں بھیجنے کے لئے بات چیت کررہا ہے۔
ایران نے قازقستان کے بائیکونورخلائی اسٹیشن سے اگست 2022 میں خیام سیٹلائٹ کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجا تھا۔ یہ سیٹلائٹ روس کے سویوز کیریئر راکٹ کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔