تہران (شِنہوا) ایران کے نگران وزیر خارجہ علی باقری کنی اور روسی صدر ولادی میر پوتن کے سینئر معاون ایگور لیوٹن کے درمیان ملاقات میں مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمد کا عزم دہرایا گیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے روسی شہر نیزنی نووگورود میں برکس ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔
باقری کنی نے ایران کے مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کے تہران ۔ ماسکو اسٹریٹجک تعلقات میں توسیع کو اہمیت دینے پر زور دیتے ہوئے ایرانی حکومت کی پالیسی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران دونوں ممالک کے مفادات سے مطابقت رکھنے والے مشترکہ اسٹریٹجک منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گا۔
بات چیت میں باقری کنی نے ایران میں ریلوے کی تعمیر تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو جنوبی ایشیا کو شمالی یورپ سے جوڑنے والی راہداری کا حصہ ہوگی جبکہ اس راہداری کو بین الاقوامی شمال ۔جنوب ٹرانسپورٹ راہداری کہا جاتا ہے۔
ملاقات کے دوران روسی صدر کے سینئر معاون ایگور لیوٹن نے کہا کہ روس کے اعلیٰ حکام رئیسی اور پوتن کے درمیان طے شدہ معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ بین الاقوامی شمال ۔جنوب ٹرانسپورٹ راہداری سمیت دوطرفہ منصوبوں میں پیشرفت اور تکمیل کا جائزہ لینے کے لئے مستقبل قریب میں ایران کا دورہ کریں گے، روس کا مقصد بین الاقوامی شمال ۔جنوب ٹرانسپورٹ راہداری کو دیگر راہداریوں سے جوڑنا اور ٹرانزٹ شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں پیشرفت کی راہ ہموار کرنا ہے۔