تہران(شِنہوا) ایران کے عبوری صدر محمد مخبر نے کہا ہے کہ ان کا ملک عراق کے متعلق مرحوم صدر رئیسی کی پالیسی کو مضبوطی سے جاری رکھے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عراق کے صدر عبداللطیف راشد سے ملاقات میں کیا جو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایرانی صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے جاں بحق ہونے پر تعزیت کے لیے تہران آئے تھے۔
دوران ملاقات عبوری ایرانی صدر محمد مخبر نے کہا کہ ایران کے مسلمان،پڑوسی اور ہم خیال ریاستوں کیساتھ تعلقارت کا فروغ مرحم صدر رئیسی کی نمایاں کامیابی تھی۔
انہوں نے ایران کے سیاسی ، مذہبی نظام اور رئیسی کی خارجہ پالیسی میں عراق کے اہم مقام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عراقی حکومت اور عوام کے متعلق مرحوم صدر کی پالیسی بلا شک و شبہ پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔
عراقی صدر نے رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی المناک موت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم صدر کی عراق کے لیے حمایت کی تعریف کی۔
انہوں نے ایران کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔