ٹوکیو(شِنہوا) جاپان کے وزیرصنعت نے کہا ہے کہ ملک کے غیر فعال ایٹمی ری ایکٹروں کو بحال کرنے سے معیشت کو سہارا دینے میں مدد ملے گی کیونکہ ین کی قدر میں حالیہ کمی سے توانائی کی درآمدات کی مالیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ معیشت، تجارت اورصنعت کے وزیر یاسوتوشی نیشیمورا نے منگل کوایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکی ڈالر کے لیے ین کی فروخت پر آںے والے دباؤ کو کم کیا جا سکتا ہے کیونکہ ہر ری ایکٹر کو دوبارہ شروع کرنے کا مطلب یہ ہوگا کہ وسائل کی کمی کے شکار ہمارے ملک کے لیے 10لاکھ ٹن کم مائع قدرتی گیس درآمد کرنے کی ضرورت ہوگی۔نشیمورا نے کہاکہ یہ ین کی قدر میں کمی کے خلاف ایک جوابی اقدام بن جائے گا۔امریکی ڈالر کے مقابلے میں حالیہ دنوں میں ین کی قدر میں مسلسل کمی کے بعدجاپان نے22 ستمبر کو کرنسی مارکیٹوں میں مداخلت کی تاکہ 1998 کے بعد پہلی بار ین کی قدرمیں یکطرفہ اور تیز رفتار کمی کوروکا جاسکے۔