زرنج، افغانستان (شِنہوا) افغان پولیس نے افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات اور ہمسایہ صوبے نمروز میں ہیروئن سمیت 100 کلو گرام سے زائد غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دی ہیں اور گزشتہ چند روز کے دوران 4 گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
صوبائی پولیس کے ترجمان محمود شاہ رسولی نے پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ غیر قانونی منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران انسداد منشیات پولیس نے صوبہ ہرات کے ضلع گوزارہ میں 3 افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے 20 کلوگرام ہیروئن سمیت 80 کلو گرام سے زائد ممنوعہ اشیا برآمد کی ہیں۔
اس عہدیدار نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پولیس ہرات صوبے میں پوست کی کاشت اور منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کےلیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
سرحدی سیکیورٹی کے ایک اہلکار عبدالسلام حاجی عمر نے تصدیق کی ہے کہ ہمسایہ صوبہ نمروز میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا جس کے پاس 25 کلو گرام مارفین تھی۔
طالبان کے زیرانتظام افغانستان کی نگراں حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ پوست کی کاشت، منشیات کی تیاری اور اسمگلنگ کی روک تھام اس وقت تک جاری رکھی گی جب تک جنگ زدہ افغانستان کو منشیات کی لعنت سے نجات نہیں مل جاتی۔