• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 24th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

افغانستان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ذبیح اللہ مجاہدتازترین

July 03, 2024

کابل (شِنہوا) افغانستان کی نگراں حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ان کا ملک دنیا بھر کے تمام ممالک کے ساتھ مثبت رابطوں کا خواہاں ہے۔کسی کو بھی افغانستان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ دوحہ کانفرنس سے وطن واپسی کے بعد کابل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ امارت اسلامیہ دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ مثبت اور قابل اعتماد تعلقات قائم کرنا چاہتی ہے۔افغانستان کے حوالے سے اقوام متحدہ کی دو روزہ کانفرنس یکم جولائی کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اختتام پذیر ہوئی، جس کے دوران افغانستان کے پڑوسی ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں سمیت 25 سے زائد ممالک کے مندوبین نے افغانستان کی صورتحال اور کابل انتظامیہ کے ساتھ  تعلقات، منشیات کے خلاف جنگ، نجی شعبے کی مدد، افغان بینکنگ سسٹم پر عائد پابندیوں کے خاتمے  اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہمی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

کانفرنس میں افغان نگراں حکومت کے وفد کی قیادت کرنے والے مجاہد نے دوحہ کانفرنس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فورم سے امارت اسلامیہ کو افغانستان کے حقائق سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کا موقع ملا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم کسی کو بھی افغانستان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔