کابل(شِنہوا)افغان سیکورٹی فورسز نے کابل میں داعش گروہ کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کے دوران تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
طالبان کے زیرانتظام نگران انتظامیہ کے چیف ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بدھ کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ افغان سکیورٹی فورسز نے منگل کی رات دارالحکومت کابل کے پولیس ڈسٹرکٹ 12 کے علاقے باتخک میں داعش کے ٹھکانے پر کارروائی کی اور داعش کے تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
سرکاری فورسز نے کارروائیوں کے دوران ہتھیار اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا ہے جس میں دستی بم، دھماکہ خیز مواد، ریموٹ کنٹرول، بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز آلات کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیاء اور مواد شامل ہیں۔
مجاہد نے مزید کہا کہ داعش سے وابستہ مسلح عسکریت پسند جمعرات سے شروع ہونے والے رمضان المبارک کے مہینے میں تخریبی سرگرمیاں شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے لیکن سیکورٹی فورسز نے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
داعش تنظیم جس نے گزشتہ ایک سال کے دوران افغانستان میں ہونے والے کچھ تباہ کن بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے،کا تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
افغان نگران حکومت جو اپنے حریف داعش گروپ کو ایک سنگین خطرے کے طور پر مسترد کر چکی ہے، نے ملک کے ہر کونے میں مسلح مخالفین کے خلاف کارروائی کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔