• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

آسٹریلیا، کوئنز لینڈ میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 3 افراد ہلاکتازترین

August 29, 2022

سڈنی(شِنہوا)آسٹریلیا کی شمال مشرقی ریاست کوئنزلینڈ میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے اس میں سوار 3 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ریاست کے پولیس حکام نے پیر کے روز بتایا کہ چھوٹا طیارہ کوئنزلینڈ کے دارالحکومت برسبین کے مغرب میں فرنویل کے نزدیک جھاڑیوں میں گر کر تباہ ہوا۔

پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق طیارے نے مقامی وقت کے مطابق صبح 10بجے(صبح 5 بجے پاکستانی وقت) پر دالبی سے اڑان بھری اور اسے دوپہر 2 بجے(صبح 9 بجے پاکستانی وقت) پر آرچر فیلڈ میں لینڈنگ کرنا تھا۔ طیارے کے منزل پر پہنچنےمیں ناکامی کے بعد حکام نے اس کی تلاش شروع کر دی۔

واقعے کے بعد متعدد ہنگامی ٹیموں کو طلب کر لیا گیا جبکہ آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کی مدد سے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

آسٹریلیا کے قومی نشریاتی ادارے اے بی سی نے اس سے قبل کہا تھا کہ طے شدہ وقت کے مطابق آرچرفیلڈ میں لینڈنگ نہ کرنے پر مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تقریباً 2 بجکر 40 منٹ(صبح 9 بجکر 40 منٹ پاکستانی وقت) پر الارم بجایا گیا۔

دریں اثناء مقامی میڈیا چینل نائن نے بتایا کہ طیارے نے خطرناک موسم میں اڑان بھری اور تقریباً 610 میٹرز کی بلندی سے گر کر تباہ ہوا۔