• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 11th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

آسٹریلیا کی مالیاتی فرم پرسائبر حملہ، 1 کروڑ 40 لاکھ ذاتی دستاویزات چوریتازترین

March 27, 2023

سڈنی(شِنہوا)آسٹریلیا کے مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے ادارے لیٹی چوڈ نے تصدیق کی ہے کہ ایک حالیہ سائبر حملے کی وجہ سے کمپنی سے تقریباً 1 کروڑ 40 لاکھ ذاتی دستاویزات پر مبنی ریکارڈ چوری ہوا ہے۔

سائبر چوری کے واقعے پر اپنی اپ ڈیٹ میں لیٹی چوڈ  نے پیر کو کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے تقریباً 79 لاکھ ڈرائیور لائسنس نمبرز چوری کیے گئے جن میں سے تقریباً 32 لاکھ  یا 40 فیصد گزشتہ 10 سالوں میں کمپنی کو فراہم کیے گئے تھے۔

اپ ڈیٹ کے مطابق بد نیتی پر مبنی حملے میں 53 ہزار پاسپورٹ نمبر بھی چوری کئے گئے  جبکہ 100 سے کم صارفین نے ماہانہ فنانشل سٹیٹمنٹ چوری ہونے کی اطلاع دی۔لیٹی چوڈ نے ان صارفین کو معاوضہ دینے کا وعدہ کیا جنہوں نے اپنی شناختی دستاویزات کو تبدیل کرنے کا انتخاب کیا ہے ۔

دریں اثنا کمپنی نے یہ بھی نشاندہی کی کہ  کم سے کم 2005 سے کپمنی کے پاس موجود 61 لاکھ اضافی ریکارڈز چوری کیے گئے ہیں جن میں سے تقریباً 57 لاکھ یا 94 فیصد 2013 سے پہلے فراہم کیے گئے تھے۔

ان ریکارڈز میں نام، پتہ، ٹیلی فون اور تاریخ پیدائش جیسی ذاتی معلومات میں سے کچھ  ریکارڈزشامل ہیں۔

لیٹی چوڈ فنانشل سروسز کے سی ای او احمد فہور نے کہا کہ یہ انتہائی مایوس کن ہے کہ اضافی صارفین اور درخواست دہندگان کی اتنی بڑی تعداد اس واقعے سے متاثر ہوئی ہےجس پر ہم غیر مشروط طور پرمعذرت خواہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے آپریشنز کو محفوظ طریقے سے بحال کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم سائبر حملے میں متاثر ہونے والے پلیٹ فارمز کو درست کر رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں آپریشنز پر واپس آنے کے ساتھ ہی اضافی سکیورٹی مانیٹرنگ بھی نافذ کر دی ہے۔

 یہ واقعہ فی الحال آسٹریلوی فیڈرل پولیس کے زیرِ تفتیش ہے جبکہ 16 مارچ سےلیٹی چوڈ  کے سسٹمز میں کوئی مشتبہ سرگرمی نہیں دیکھی گئی۔