انقرہ(شِنہوا)ترک نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن(ایم آئی ٹی)نےشمالی عراق میں سرحدپار آپریشن میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی(پی کے کے ) کے ایک سینئر رکن کو ہلاک کر دیا۔
ترکیہ کی نیم سرکاری خبرایجنسی انادولو نے پیر کو رپورٹ میں کہا کہ ایمرے ساہین جس کا خفیہ نام "روڈی" تھا، کو شمالی عراق کے گارا علاقے میں ہلاک(نیوٹرلائزڈ) کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق وہ پی کے کے کیلئے خفیہ پروگراموں کی ترقی سمیت مواصلاتی ڈھانچے کا کام کر رہا تھا۔
ترک حکام اکثرہلاک ہونے والےدہشت گردوں کیلئے" نیوٹرلائزڈ" کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ دہشت گرد سیکورٹی آپریشنز میں مارے گئے، زخمی ہوئے یا پکڑے گئے۔
گمنام سیکیورٹی حکام نے انادولو کو بتایا کہ ساہین نے 2014 میں پی کے کے میں شمولیت اختیار کی اور ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے سرناک میں ترک سیکیورٹی فورسز کے خلاف مختلف حملوں میں حصہ لیا اور پھر 2019 میں ہمسایہ ملک عراق چلا گیا۔
ایم آئی ٹی نے حال ہی میں عراق خاص طور پر گارا میں اپنی سرحد پار کارروائیوں کو تیز کیا ہے اور پچھلے چند ہفتوں میں خطے میں پی کے کےسے تعلق رکھنے والے کئی دیگر سینئر اراکین کو ہلاک کیا۔