• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

عراق میں منہدم ہونے والے مزار سے 7 لاشیں برآمدتازترین

August 23, 2022

بغداد(شِنہوا)عراق میں اہل تشیع کے مقدس شہر کربلا کے قریب ایک مزار پر گرنے والے مٹی کے تودے سے 7لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ عراقی شہری دفاع نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران امدادی ٹیموں نے عراقی دارالحکومت بغداد سے تقریباً 110 کلومیٹر جنوب میں واقع مزار قطارۃ الامام علی پر گرنے والے مٹی کے تودے سے ایک مرد اور ایک عورت کی لاشیں نکالی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ شہری دفاع کی ریسکیو ٹیموں کی جانب سے اب تک برآمد ہونے والی لاشوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے، جن میں 4 خواتین، 2 مرد اور 1 بچہ شامل ہے۔ شہری دفاع میڈیا آفس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل جودت عبدالرحمن نے صحافیوں کو بتایا کہ مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق مزار منہدم ہونے کے وقت موجود لوگوں سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر ملبے کے نیچے سے ایک آخری لاش ملنے کی توقع ہے۔ عبدالرحمن نے تصدیق کی کہ جائے وقوعہ سے تمام لاشیں نکالنے تک ریسکیو ٹیم اپنا کام جاری رکھےگی۔ دریں اثناء صوبہ کربلا کے گورنر ناصف جاسم الخطابی نے ایک بیان میں کہا کہ حفاظتی وجوہات کی بنا پر مزار کی جگہ کو اب مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ ہفتہ کے روز اس وقت پیش آیا جب مٹی کا ایک بہت بڑا تودہ ملحقہ مزار پرگرنے سے
اس کی کنکریٹ سے بنی عمارت کا کچھ حصہ تباہ ہو گیا جس کے باعث متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔