بغداد(شِنہوا)عراق کےنیم خود مختار شمالی خطے کردستان میں ایران کی کرد اپوزیشن جماعتوں کے ٹھکانوں پرسرحد پار سے ایرانی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور تقریباً 30زخمی ہو گئے ہیں۔
علاقائی کرد انسداد دہشتگردی سروس(سی ٹی ایس) کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حملے کے دوران صوبہ اربیل کے قصبوں کویا ، سوران اور بردے کے کچھ پناہ گزین کیمپوں میں ان کی کرد اپوزیشن جماعتوں کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سی ٹی ایس نے مزید کوئی تفصیلات فراہم کیے بغیر بتایا کہ ایرانی راکٹوں اور بوبی ٹریپ ڈرونز سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
علاقائی صحت اتھارٹی سے وابستہ ایک ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر شِنہوا کو بتایا کہ 5 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں ، زخمیوں میں کچھ خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔