بغداد(شِنہوا)عراق کے شمالی نیم خودمختار کردستان علاقے میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار تمام مسافر ہلاک ہو گئے۔
علاقائی انسداد دہشت گردی سروس (سی ٹی ایس) نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ یورو کاپٹر اے ایس 350 ہیلی کاپٹر رات 8 بجکر 40 منٹ (پاکستانی وقت رات 10 بجکر 40 منٹ) پر ڈوہوک صوبے کے ایک گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہوا۔
ایک کرد سیکورٹی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے اندر ایک دھماکہ ہوا اور ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ جہاز میں سوار سات افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر ایک آئل فیلڈ کے قریب گر کر تباہ ہوا جو اس واقعے سے متاثر نہیں ہوئی۔
کرد سی ٹی ایس کے بیان کے مطابق عراقی حکومت امریکہ کے زیر قیادت اتحاد اور ترک حکومت نے ہیلی کاپٹر کی ملکیت سے انکار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کرد سکیورٹی فورسز نے ہیلی کاپٹر کی ملکیت کے بارے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں میں سے کچھ کی شناخت کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے ) کے عسکریت پسندوں کے طور پر ہوئی ہے۔