بغداد(شِنہوا) عراق نے ایرانی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے عراق کے نیم خودمختار شمالی علاقے کردستان میں ایران کی سرحد پار سے بمباری کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
عراقی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ جمعرات کو ایرانی سفیر کو طلب کرکے گزشتہ دنوں، خاص طور پر بدھ کی صبح عراقی کردستان کے شہروں اور دیہاتوں پر ایرانی فورسز کے میزائل حملوں اور ڈرونز سے کی گئی بمباری پر احتجاج کیا گیا۔علاقائی کرد کاؤنٹر ٹیررازم سروس (سی ٹی ایس) نے ایک بیان میں بتایا کہ بدھ کے روز، ایرانی فورسز نے عراق کے شمالی کردستان میں سرحد پار سے بمباری کی، جس میں ایک حاملہ خاتون سمیت 13 افراد ہلاک اور 58 زخمی ہوگئے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ عراقی وزارت خارجہ نے بدھ کو اس بمباری کی شدید مذمت کی تھی جس میں عراق کے کردستان کے علاقے میں چار علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔