سیول (شِنہوا) عوامی جمہوریہ کوریا نے مشرقی پانیوں میں زیر آب اپنے جوہری ہتھیاروں کے نظام کا تجربہ کیا ہے۔
کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عوامی جمہوریہ کوریا کی وزارت قومی دفاع کے ترجمان نے ایک اعلامیہ میں اس بات کا اعلان کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عوامی جمہوریہ کوریا نے رواں ہفتے کے اوائل میں امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا کی مشترکہ بحری مشقوں کے جواب میں زیر تعمیر زیرآب جوہری ہتھیاروں کے نظام "حائل-5-23" کا تجربہ کیا۔
بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 3 روزہ سہ فریقی بحری مشقیں علاقائی صورتحال کو غیر مستحکم کرنے اور عوامی جمہوریہ کوریا کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
بیان کے مطابق عوامی جمہوریہ کوریا کی مسلح افواج کی زیر آب جوہری ہتھیاروں پر مبنی جوابی پوزیشن کو مزید درست کیا جا رہا ہے اور ملک امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی بحری افواج کی شاطرانہ فوجی چال روکنے کے لیے اپنی سمندری اور زیر آب کارروائیاں جاری رکھے گا۔
بیان میں امریکہ اور اس اتحادیوں کی جانب سے سال کے آغاز سے ہی عوامی جمہوریہ کوریا کی سلامتی کو سنگین خطرے میں ڈالنے کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں تباہ کن نتائج سے خبردار کیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کی خبر رساں ادارے یون ہاپ نے ملک کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی کوریا، امریکہ اور جاپان نے جزیرے جی جو کے جنوب مشرقی پانیوں میں پیر سے بدھ تک مشترکہ بحری مشقیں کیں جن میں امریکی جوہری توانائی سے چلنے والا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس کارل ونسن بھی شامل تھا۔