سیئول(شِنہوا)عوامی جمہوریہ کوریا(ڈی پی آرکے) نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
سرکاری کورین سنٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) نے بدھ کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ عوامی جمہوریہ کوریا کے صدر کی نگرانی میں کئے گئے اس تجربے سے ملک نے پہلی مرتبہ نئے قسم کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے ٹھوس ایندھن کے بیلسٹک میزائل،ہواسونگ فو۔16بی کو کامیابی سے اس کے ہدف تک پہنچایا جو نئے تیار کردہ ہائپرسونک گلائیڈنگ وار ہیڈ سے لیس تھا۔
رپورٹ کے مطابق میزائل شمال مشرق کی طرف پیانگ یانگ کے مضافات میں واقع ایک آرمی یونٹ کی تربیت گاہ کی طرف داغا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ میزائل سےعلیحدہ ہونے کے بعد ہائپرسونک گلائیڈنگ وار ہیڈ اپنی101.1 کلومیٹر کی پہلی بلندی اورپھر 72.3 کلومیٹر کی دوسری بلندی کوچھونے کے بعد طے شدہ وقت کے مطابق 1ہزار کلومیٹر طویل پرواز کرتے ہوئے درست طریقے سےجزیرہ نما کوریا کے مشرقی پانیوں میں گرا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیاہے کہ میزائل تجربے سے ہمسایہ ممالک کی سلامتی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔
کے سی این اے کی رپورٹ کے مطابق کوریا کی ورکرز پارٹی کے جنرل سیکرٹری اور عوامی جمہوریہ کوریا کے ریاستی امور کے صدر کم جونگ اُن نے میزائل کو "ڈی پی آر کے کی دفاعی سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں انتہائی برتری کو ظاہر کرنے کے لیے ایک اور بھرپور طاقت کا حامل سٹریٹجک جارحانہ ہتھیار" قرار دیا ۔انکا کہناتھا کہ ملک نے مختلف رینجز کے حامل اپنے تمام ٹیکٹیکل،آپریشنل اور سٹریٹجک میزائلوں کو ٹھوس ایندھن، وارہیڈ کنٹرول اور نیوکلیئر وارہیڈ لے جانے والی بنیادوں پر تیار حالت میں رکھا ہوا ہے جو دنیا بھر میں کہیں بھی دشمن کے علاقے میں کسی بھی ہدف کو فوری طور پر درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پارٹی کے میزائل تیاری کے اصولوں کے کامیاب نفاذ کی عکاسی ہوتی ہے۔
کم جونگ اُن کا کہناتھا کہ اس وقت ملک کے لیے سب سے ضروری ہدف دشمنوں کو روکنا اور ان پر قابو پانے کے لیے زبردست طاقت حاصل کرنا ہے، انہوں نے دفاعی سائنس کے شعبے کوقومی دفاعی صلاحیت میں مستحکم بہتری لانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔