یِن چھوان (شِنہوا) چین کے شمال مغربی ننگ شیا ہوئی خود اختیارعلاقے کے دارالحکومت ین چھوان میں ہونے والی چھٹی چین-عرب ممالک ایکسپو کے دوران انٹرنیٹ تعاون کے حوالے سے 21 سے 24 ستمبر تک شاہراہ ریشم کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔
ننگ شیا ہوئی خود اختیارعلاقے کی حکومت نے پیر کو بتایا کہ 21 ستمبر سے شروع ہونے والی دو روزہ کانفرنس نئی ٹیکنالوجیز، نئے منظرناموں اور نئی خدمات کے حوالے سے شرکاء کے لیے تعاون کا ایک پلیٹ فارم ہوگی۔
کانفرنس کا مقصد بیلٹ اینڈ روڈ کے ساتھ واقع ممالک کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں اورمعیشت، تجارت اور سرمایہ کاری شعبوں میں تعاون کو مستحکم کریں، تاکہ ڈیجیٹل ترقی کے ثمرات سے تمام ممالک کے لوگوں کو زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔
کانفرنس میں چین اور بیلٹ اینڈ روڈ سے منسلک ممالک سعودی عرب، مصر اور تھائی لینڈ سے ڈیجیٹل تعلیم اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبے کے ماہرین، اسکالرز اور کاروباری نمائندے شریک ہوں گے۔
کانفرنس میں ایک مرکزی فورم اور دو ذیلی فورمزکا انعقاد کیاجائے گا ،اس میں ایک صنعتی ایپ ایپلیکیشن مقابلہ بھی ہوگا۔ 2015 سے اب تک اس کے چار ایڈیشن ہوچکے ہیں، جنہوں نے انٹرنیٹ کے شعبے میں چین اور بیلٹ اینڈ روڈ کے ساتھ واقع ممالک کے درمیان تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔