• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

عملے کی کمی کا شکار سڈنی ائیرپورٹ اسکول تعطیلات اور خراب موسم سے متاثرتازترین

September 24, 2022

سڈنی (شِںہوا) عملے کی کمی کے شکار سڈنی ائیرپورٹ نے لاکھوں آسٹریلوی شہریوں کے اسکول کی تعطیلات پر جانے اور خراب موسم کے سبب بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی کا سامنا کیا ہے۔

سڈنی اور ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے زیادہ تر علاقوں کے ساتھ ساتھ کوئنزلینڈ کے کچھ حصوں میں شدید بارش سے 40 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔

اگرچہ موسمیاتی بیورو نے شدید موسم کے انتباہ کو کم کردیا ہے تاہم آئندہ چند روز میں شدید بارش جاری رہنے کی توقع ہے۔

ہفتے سے ملک کی بیشتر ریاستوں میں اسکول تعطیلات شروع ہورہی ہیں، جبکہ اسکولوں میں یہ گزشتہ ہفتے سے شروع ہوچکی ہیں۔ تعطیلات کے باعث پیر سے 9 اکتوبر تک سڈنی ائیرپورٹ سے 24 لاکھ مسافر سفر کریں گے، ان میں 16 لاکھ 50 ہزار مسافر مقامی اور 7 لاکھ 20 ہزار مسافر بین الاقوامی سفر کریں گے۔

اس وقت ائیرپورٹ کی ترجیح ان خالی آسامیوں پر تعیناتی کرنا ہے جو نوول کرونا وائرس وبا کے سبب خالی ہوئی تھیں۔ رواں ہفتہ مصروف رہے گا، جبکہ اس نے عملے کی کمی پوری کرنے کے لئے دوسرا روزگار میلہ منعقد کیا ہے۔

سڈنی ائیرپورٹ کے سی ای او جیوف کلبرٹ نے کہا کہ ہوائی اڈے پر تمام ادارے افرادی قوت کی بحالی اور آپریشنل کارکردگی کی بہتری کی سرتوڑ کوشش کررہے ہیں۔ عملے کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے کیونکہ ائیرپورٹ بھر میں تقریباً 4 ہزار اسامیاں خالی ہیں۔

دریں اثنا، قومی فضائی کمپنی قنطاس نے ملک کے دو سب سے بڑے شہروں، سڈنی اور میلبورن کے درمیان معمول سے زیادہ بڑے طیاروں کے ساتھ ساتھ ٹرمینلز میں موجود اضافی عملے کو تعینات کیا ہے تاکہ آمدہ تعطیلات تک مسافروں کا بڑی حد تک انتظام کیا جاسکے۔