نئی دہلی(شِنہوا) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھارت سے چاول کی ایک مخصوص قسم کی برآمد پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا عالمی افراط زرپر اثر پڑے گا۔ بھارتی حکومت نے ملکی سپلائی کو فروغ دینےاور خوردہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے 20 جولائی کو غیر باسمتی سفید چاول کی برآمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک کے اجرا کے بعد آئی ایم ایف کے چیف اکانومسٹ اور ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر پیئر اولیور گورنچاس نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس طرح کی پابندیاں باقی دنیا میں خوراک کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو بڑھا سکتی اور انتقامی اقدامات کا باعث بن سکتی ہیں، جو عالمی سطح پر نقصان دہ ہو سکتی ہیں۔ آئی ایم ایف نے رواں سال بھارت کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 6.1 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جو علاقائی اوسط 5.3 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔