اقوام متحدہ (شِںہوا) چین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ صومالیہ کو درپیش مختلف مشکلات سے نمٹنے میں مدد دے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب دائی بنگ نے کہا کہ صومالیہ میں سیاسی و سلامتی کا عمل ایک نازک دور میں ہے ایسے میں عالمی برادری کو اپنی توجہ اور تعاون سے پیچھے نہیں ہٹنا اور صومالیہ کو تمام محاذوں پر درپیش مشکلات سے بہتر طور پر نمٹنے میں مدد دینا چاہئے۔
انہوں نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ انسداد دہشت گردی میں کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی تمام کوششیں کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ صومالی حکام نے انسداد دہشت گردی میں واضح کامیابی حاصل کی ہیں۔ دہشت گرد تنظیم الشباب نے حال ہی میں مسلسل حملے کئے جن سے عام شہری لقمہ اجل بنے ۔ عالمی برادری کو صومالیہ کی انسداد دہشت گردی اور استحکام کی کوششوں میں تعاون جاری رکھنا اور صومالی سیکیورٹی فورسز کی تربیت اور ان کی صلاحیت بڑھانے میں مدد کرنی چاہیئے تاکہ صومالی سیکیورٹی فورسز سلامتی کی زیادہ سے زیادہ ذمہ داری قبول کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ صومالیہ کی وفاقی حکومت نے حال ہی میں صومالیہ سے افریقی یونین عبوری مشن کا انخلا روکنے کا کہا تھا۔ چین سمجھتا ہے سلامتی کی صورتحال کے جامع جائزے کی بنیاد پر تیار کردہ انخلا کے منصوبے کو ہموار، منظم اور ذمہ دارانہ انداز میں انجام دینا ضروری ہے تاکہ سیکیورٹی کا خلا پیدا نہ ہو۔
دائی نے صومالیہ میں سیاسی تبدیلی میں تعاون کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی سلامتی کو مستحکم کرنے اور سیاسی استحکام کو برقرار رکھنے کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین سیاسی مکالمے کے فروغ، انتخابات، انسداد دہشت گردی اور مصالحت جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال پر قومی مشاورتی کونسل کے اجلاس کی حمایت کرتا ہے ۔ ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنے اختلافات کو بات چیت اور مشاورت سے حل کرتے رہیں اور منتقلی کا عمل آگے بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ صومالی حکام نے بار بار اسلحہ پر عائد پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سلامتی کونسل کو صومالیہ کے خدشات کا جواب دینا ، سلامتی کی صورتحال پر زمینی حقائق کے مطابق پابندیوں بارے اقدامات ایڈجسٹ کرنا اور صومالی قومی دفاع کے لئے سازگار حالات پیدا کرنا چاہیئے