دبئی (شِنہوا) چینی نائب وزیراعظم ڈنگ شیو شیانگ نے کہا ہے کہ ایک بڑے ذمہ دار ترقی پذیر ملک کے طور پر، چین ایک صاف اور خوبصورت دنیا کی تعمیر کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
صدر شی جن پھنگ کے خصوصی نمائندے اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن ڈنگ نے ان خیالات کا اظہار دبئی میں عالمی موسمیاتی ایکشن سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈنگ نے سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے متحدہ عرب امارات کے لیے صدر شی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ سال قبل صدرشی نے دیگر ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ انتہائی سیاسی عزم اور دانشمندی کے ساتھ پیرس معاہدے تک پہنچنے کے لیے کام کیا اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کے نئے سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اپنے وعدے کی پاسداری کی ہے اور عالمی موسمیاتی گورننس میں اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ چین نے ماحول دوست ترقی، توانائی شعبے کے انقلاب اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بین الاقوامی تعاون کو بھرپور طریقے سے فروغ دیا ہے اور ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کی ہے۔