ٹوکیو(شِنہوا) تعلیمی تبادلوں اور تعاون سے متعلق نویں چین-جاپان کانفرنس گزشتہ روز ٹوکیو میں شروع ہوگئی ، جس میں چین اور جاپان کی 185 یونیورسٹیوں اور پیشہ ورانہ سکولوں کے نمائندے شریک ہیں۔
تین روزہ ایونٹ کے دوران، شرکاء مستقبل پر مبنی بین الاقوامی تبادلوں، اہلکاروں کی تربیت، نصاب کے انضمام، سائنسی اور تکنیکی اختراعات اور دونوں ممالک کے درمیان بنیادی تعلیم جیسے متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
جاپان میں چینی سفارتخانے کے منسٹرکونسلر دو کیوئی نے افتتاحی تقریب میں اظہار خیال کرتے کہا کہ یہ کانفرنس چین جاپان اعلیٰ سطحی مشاورتی طریقہ کار کو عوام سے عوام کے تبادلوں پر لانے کے لیے اہم اقدام کے طورپر کام کررہی ہے جس کی دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں تبادلوں اور تعاون کو بحال اور فروغ دینے میں بہت اہمیت ہے۔
جاپانی وزارت تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی کے تحت ہائرایجوکیشن بیورو کے بین الاقوامی امور ڈویژن کے ڈائریکٹر یوسوکے کوبیاشی نے کہا کہ جاپان اور چین کے درمیان طلباء کے تبادلے اور یونیورسٹی تعاون کو فروغ دینا باہمی افہام و تفہیم اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مستحکم تعاون پر مبنی تعلقات کے لیے بہت ضروری ہے۔